ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی اسمبلی انتخاب: کیجریوال کا آٹو ڈرائیوروں کو چائے پر بلانا محض دکھاوا ہے، دیویندر یادو کا بیان

دہلی اسمبلی انتخاب: کیجریوال کا آٹو ڈرائیوروں کو چائے پر بلانا محض دکھاوا ہے، دیویندر یادو کا بیان

Wed, 11 Dec 2024 17:13:00  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 11/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)  دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے عام آدمی پارٹی اور وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں گارنٹی کے وعدے کرنے والے کیجریوال نے دہلی کی عوام، خاص طور پر آٹو اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو دھوکہ دیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے ان کے مفادات کے لیے کیے گئے کسی وعدے کو پورا نہیں کیا۔ دیویندر یادو نے سوال اٹھایا کہ شیلا دیکشت کی حکومت کے دوران آٹو ڈرائیوروں کے فلاح و بہبود کے لیے قائم کیے گئے 2 کروڑ روپے کے ’ویلفیئر بورڈ‘ کا کیا ہوا؟ حکومت اس کا حساب عوام کو دے۔

دیویندر یادو نے کیجریوال پر طنز کستے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخاب سے قبل آٹو والوں کو چائے پر بلا کر ان کے ساتھ چائے پینا محض ایک نمائش ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ چائے پینے کے بجائے ان کے درپیش مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرتے۔ دہلی میں آٹو رکشہ کے رجسٹریشن، پرمٹ/لائسنس جاری کرنے کی بلیک مارکیٹنگ سے آٹو والے کافی پریشان ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق دہلی میں 93654 آٹو رجسٹرڈ ہیں۔ اگر ایک کنبہ میں 4 افراد ہیں تو دہلی کے لاکھوں لوگ کیجریوال کی بدعنوانی کے شکار ہیں۔

کانگریس صدر نے کہا کہ 2014 میں دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت آنے کے بعد آٹو ڈرائیوروں سے کیے کسی بھی وعدے کو کیجریوال نے پورا نہیں کیا۔ کیجریوال کی حکومت نے مہنگائی کی شرح کے مطابق آٹو کرایہ میں سال بہ سال اضافہ کرنے، آٹو ڈرائیوروں کو پولیس کی ہراسانی سے روکنے، آٹو پرمٹ ڈرائیوروں کی تعداد بڑھانے کی تجویز پیش کی تھی، اس معاملے میں کوئی پیش قدمی نہیں ہوئی۔ قومی راجدھانی میں 300 آٹو اسٹینڈ کی تعمیر کا بھی وعدہ تھا، لیکن کیجریوال نے اس وعدے کو بھی پورا نہیں کیا۔

دیویندر یادو نے کانگریس حکومت کے زریں دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس نے ہمیشہ سے آٹو ڈرائیوروں سمیت محنت کش غریبوں کے حق میں کام کیا ہے اور انہیں اولین ترجیح دی ہے۔‘‘ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر دہلی میں 2025 میں کانگریس پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو آٹو ڈرائیوروں کو درپیش تمام مسائل بہتر طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’دہلی نیائے یاترا‘ کے دوران ہم نے آٹو ڈرائیوروں اور غریبوں سے مل کر ان کے احوال جاننے کی کوشش کی اور ان کو جو بھی پریشانی تھی سب کو حل کرنے کا یقین دلایا۔


Share: